اہل بیت(ع) نیوز ایجنسی ۔ ابنا ۔ کی رپورٹ کے مطابق صدر مملکت ڈاکٹر حسن روحانی نے آج بدھ کے روز جنوبی ایران کے صوبے بوشہر میں نامہ نگاروں کو بریفنگ دیتے ہوئے کہا کہ حکومت کی پالیسی دنیا کے تمام ملکوں خاص طور پر جنوب کے پڑوسی ممالک کے ساتھ کہ جن کی ایران سے ثقافتی جڑیں ملتی ہیں ، تعمیری گفتگواور خوشگوار تعلقات قائم کرنے پر استوار ہے ۔ انہوں نے مزید کہا کہ صوبۂ بوشہر، جنوبی ایران میں خلیج فارس کے ساحل پر واقع، سرحدی صوبہ ہے کہ جس کے ساتھ جنوب کے پڑوسی ممالک تجارت ، سیاحت اور علم و ثقافت کے شعبوں میں اچھے اور خوشگوار تعلقات قائم کرسکتے ہیں۔ ڈاکٹر حسن روحانی نے بوشہر ایٹمی بجلی گھر کے معائنے کے بعد کہا کہ یہ بجلی گھر دنیا کے دیگر ممالک کے بجلی گھروں سے مختلف ہے کیونکہ یہ ایک قوم کی مزاحمت کی علامت ہے۔ انہوں نے کہا کہ شروع میں مغربی ممالک اس بجلی گھر کی تعمیر کرنے والے تھے لیکن وہ پیچھے ہٹ گئے اور انہوں نے اپنے وعدوں پر عمل نہیں کیا لیکن اس بجلی گھر کی تعمیر نے دنیا کو یہ دکھا دیا کہ اگر کوئی ملت کسی مقصد کو حاصل کرنے کا عزم رکھتی ہو، اس راستے پر قدم بڑھائے اور اپنے حقوق پر ڈٹی رہے تو وہ اپنے مقصد کو حاصل کر لے گی۔
۔۔۔۔۔۔۔
/169